اڈپی 26/مئی (ایس او نیوز) اڈپی ضلع کے بعض پولیس اسٹیشنوں سے وابستہ پولیس افسران اور اہلکاروں کو کورونا مرض لاحق ہونے کے بعد محکمہ پولیس کی طرف سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ ضلع کے تمام پولیس اسٹیشنوں کو مرحلہ وار سینیٹائز کیا جائے۔
فی الحال اماسے بیل ، گنگولی اور کاپو پولیس اسٹیشنوں کو سینیٹائز کیا گیا ہے۔ اب اس کے بعدان پولیس اسٹیشنوں کوپہلے سینیٹائزکیاجائے گاجن سے وابستہ پولیس اہلکاروں نے ضلع کے سرحدی چیک پوسٹ پر ڈیوٹی انجام دی ہوگی۔ اسی طرح بیلگاوی سرحدی علاقے نیپانی کے چیک پوسٹ پر ڈیوٹی کرنے والے اہلکاروں کے شنکر نارائن اور کنداپوردیہی پولیس اسٹیشن کو سینیٹائز کیا جائے گا۔ان پولیس اہلکاروں کو ہوم کوارنٹین کیا گیا ہے اور ان کے گلے سے تھوک کے نمونے حاصل کرکے جانچ کے لئے روانہ کردئے گئے ہیں۔بقیہ تمام پولیس اسٹیشنوں کو مرحلہ وار سینیٹائز کیا جائے گا۔ پروٹوکول کے مطابق کسی بھی پولیس اسٹیشن کو سینیٹائز کرنے کے بعد اسے 48گھنٹوں تک بند رکھنے کے بعددوبارہ کھولا جائے گا۔
اڈپی ضلع پنچایت آفس کو بھی سینیٹائز کرنے کے لئے 26تاریخ کو بند رکھاجائے گا۔بتایا جاتا ہے کہ ضلع پنچایت میں ٹھیکے پر کام کرنے والے ایک 30 سالہ ملازم کے اندر کووِڈ 19مرض لاحق ہونے کی بات سامنے آنے پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ شخص ضلع پنچایت دفتر میں 19مئی کو آیا تھا اس وقت اسے ٹھنڈی اور بخار کی شکایت تھی۔ پھر جب اس کی جانچ کی گئی تو رپورٹ پوزیٹیو آئی ہے۔اس کے بعد ایک مرتبہ دفتر کو سینیٹائز کیا جاچکا ہے اور اب پھر دوبارہ یہی عمل کیا جائے گا۔